سرکاری خزانے کو دو ماہ کے دوران 28 ہزار کروڑ کی آمدنی

   

حکومت نے آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات کاگ کو روانہ کی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں سرکاری خزانہ کی آمدنی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ماہانہ 14 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے ۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران 28 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے۔ کاگ کو حکومت نے گزشتہ دو ماہ ڈسمبر اور جنوری کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات پیش کی ہیں جس میں دو ماہ کے دوران 28 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے 6 کے منجملہ 5 گیارنٹی پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے اور ساتھ ہی سرکاری ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں اور دیگر فلاحی اسکیمات پر بھی عمل آوری کی جارہی ہے ۔ آمدنی والے دو ماہ کے دوران ایکسائیز ڈپارٹمنٹ سے 3,300 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ جی ایس ٹی کے ذریعہ 7500 کروڑ‘ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے ذریعہ 2,300 کروڑ ‘سیل ٹیکس کے ذریعہ 5,400 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ مرکزی حکومت سے گرانٹس کی شکل میں 1300 کروڑ اور قرض کے طور پر 2,700 کروڑ روپئے حاصل کئے گئے ۔ غیر ٹیکس آمدنی کے تحت 1048 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ حکومت نے تمام تفصیلات کنٹرولر اینڈ اڈیٹر جنرل (کاگ) کو روانہ کی ہیں۔ 2