محکمہ صحت سے اقدامات ناگزیر، جی ایچ ایم سی کو مکتوب
حیدرآباد۔24اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موجود سرکاری دواخانو ںکی حالت کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے اقدامات کیا جانا ناگزیر ہوتا جا رہاہے کیونکہ سرکاری دواخانوں میں علاج کروانے یا دیگر وجوہات کی بناء پر پہنچنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے اور شہریو ںکی جانب سے سرکاری دواخانوں کی صورتحال اور وبائی امراض کے دور میںدواخانوں میں صفائی کے انتظامات نہ کئے جانے کے علاوہ دواخانوں میں سہولتوں کی عدم فراہمی محکمہ صحت کی کارکردگی اور حکومت کے طبی سہولتوں کے متعلق اختیار کردہ رویہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کورونا وائرس وباء اور اس کے بعد ڈینگو وغیرہ کے مریضوں کے سرکاری دواخانوں میں علاج اور عوام کی آمد و رفت میں ہونے والے اضافہ کے بعد سرکاری دواخانوں کی صورتحال آشکار ہونے لگی ہے اور کئی شہری جو وباء کے دور میں سرکاری دواخانوں سے رجوع ہوئے تھے اب دوبارہ سرکاری دواخانوں میں علاج کی سمت مائل ہونے لگے ہیں اور عدم صفائی اور عملہ کی عدم موجودگی کے سبب شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس وباء سے قبل سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کی عدم موجودگی اور صفائی نہ ہونے کی جو شکایات موصول ہوا کرتی تھیں وہ قابل نظرانداز ہوا کرتی تھیں لیکن اب جو شکایات موصول ہورہی ہیں انہیں نظرانداز کیا جانا مشکل ہوتا جا رہاہے اسی لئے محکمہ صحت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں موجود گاندھی ہاسپٹل‘ عثمانیہ دواخانہ‘ نیلوفر دواخانہ‘ کنگ کوٹھی ہاسپٹل‘ چیسٹ ہاسپٹل ‘ نمس ہاسپٹل کے علاوہ مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ ان دواخانوں میں صفائی کے امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے تمام دواخانوں کے انتظامیہ کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے دواخانوں میں صورتحال کو بہتر بنانے اور ممکنہ حد تک سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صفائی عملہ کو روانہ کردہ مکتوب میں دواخانوں کے اطراف و اکناف گندگی کو دور کرنے کے اقدامات کرنے کی خواہش کی گئی ہے جبکہ دواخانوں کے انتظامیہ کو روانہ کئے جانے والے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ دواخانوں کے اندرونی حصہ میں گندگی اور عدم صفائی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا اور جن دواخانو ںمیں صفائی نہ ہوان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔م