سرکاری علاج و ادویات ، عوام کی ترجیح : جگدیش ریڈی

   


پہلے لوگ ہاسپٹل جانے سے گھبراتے تھے ، سوریا پیٹ میں بستی دواخانہ کا افتتاح

سوریاپیٹ:8/ دسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوام کا بھروسہ حکومت کی دوا پر صرف کے سی آر کی جانب سے طبی میدان میں کئے گئے اقدامات کی وجہ سے ہیوزیر اعلیٰ کی جانب سے ادویات اور تعلیم کے حوالے سے کئے گئے دور اندیش اقدامات کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے ذریعہ طبی میدان میں اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کا سرکاری ادویات پر اعتماد بڑھا ہے۔ان خیالات کا اظہاروزیر برقی جگدیش ریڈی نے سوریا پیٹ کے 1 وارڈ کڑا کڑا میں بستی دواخانہ کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جگدیش ریڈی نے کہاکہ2014 سے پہلے سابقہ حکمرانوں کے دور میں لوگ عام بیماریوں کے لیے بھی سرکاری اسپتالوں میں جانے سے گھبراتے تھے اور لوگ کئی وبائی امراض میں مبتلا تھے لیکن کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد عوام سرکاری دواخانوں میں علاج کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج ہر جگہ قائم ہو چکے ہیں اور غریبوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے نے اس طرح ترقی کی ہے کہ کثیر تعداد میں عوام زچگی کے لیے سرکاری دواخانوں کا رخ کررہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ منڈل مراکز اور دور دراز علاقوں میں پرائمری ہیلتھ سنٹرس کا دورہ کرنے والے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سرکاری ادویات پر لوگوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔