سرکاری ملازمتوں میں 10 فیصد کوٹہ کا اعلامیہ

   

حکومت راجستھان کا مرکزی حکومت کے فیصلے کی مطابقت میں اقدام
جئے پور۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت راجستھان نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں معاشی پسماندہ طبقات کو عام زمرہ میں 10% تحفظات دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں مرکز نے اس سلسلے میں فیصلہ کیا تھا۔ ریاستی محکمہ پرسونل نے ایک اعلامیہ منگل کی رات جاری کرتے ہوئے کہا کہ راست تقررات کیلئے یہ کوٹہ اس کے علاوہ ہوگا جو موجودہ کوٹہ ہے۔ اعلامیہ میں ان افراد کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے جن کے ارکان خاندان 5 ایکڑ یا اس سے زیادہ زرعی زمین کے مالک ہیں۔ یا پھر 1000 مربع فیٹ کا یا اس سے زیادہ رقبہ کا رہائشی فلیٹ رکھتے ہیں ، 80 مربع گز یا اس سے زیادہ رہائشی قطعہ زمین جو بلدی حدود میں رہائشی قطعہ ہو، دیگر علاقوں میں 200 مربع گز کے قطعہ اراضی کے مساوی سمجھا جائے گا۔ پارلیمنٹ نے حال ہی میں (دستور ہند 124 ویں ترمیمی) بل کی منظوری دی ہے۔ سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں معاشی پسماندہ طبقات میں تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ محکمہ پرسونل نے بالائی طبقہ کی سطح میں اضافہ کرتے ہوئے اس میں پسماندہ طبقات اور پسماندہ ذاتوں کو بھی جن کی سالانہ آمدنی 8 لاکھ روپئے ہو، شامل کیا ہے۔ قبل ازیں یہ حد 4 لاکھ 30 ہزار روپئے تھی۔