سرکاری ملازمتوں پر امیدواروں کی دلچسپی گھٹ رہی ہے

   

امتحانات کیلئے بڑے پیمانے پر درخواستیں داخل ، مگر شرکت کرنے سے گریز
گروپ III امتحان میں نصف ، گروپ I مینس میں 67 فیصد امیدواروں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سرکاری ملازمتوں میں امیدواروں کی دلچسپی کم ہوتے جارہی ہے ۔ مسابقتی امتحانات میں شرکت کرنے کے لیے لاکھوں امیدوار درخواستیں تو داخل کررہے ہیں لیکن امتحانات میں تمام درخواست گذار شریک نہیں ہورہے ہیں ۔ حال ہی میںمنعقدہ گروپ 3 امتحان میں تقریبا نصف امیدوار حاضر نہیں ہوئے ۔ ماضی میں منعقدہ گروپ I مینس امتحان میں ایک تہائی امیدوار غیر حاضر رہے ۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ ہر امتحان میں غیر حاضری کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں ۔ تاہم تعلیمی ماہرین کا ماننا ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ امتحانات کی تیاری نہ کرنے کے ساتھ ساتھ امتحانی مراکز کادور ہونا بھی ایک اہم وجہ ہے ۔ ریاست میں 6563 جائیدادوں پر تقررات کے لیے جون میں گروپ I پلیمنری امتحان کا انعقاد کیا گیا ۔ اس امتحان کے لیے 4.03 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں تاہم 3.02 لاکھ ( 74 فیصد ) امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی ۔ واضح رہے کہ مختلف وجوہات سے پہلے دو مرتبہ تحریری امتحان کو منسوخ کیا گیا ۔ پہلی مرتبہ منعقدہ امتحان میں 75 فیصد امیدواروں نے شرکت کی ۔ دوسری مرتبہ منعقدہ امتحان میں 61 فیصد امیدواروں نے شرکت کی ۔ تیسری مرتبہ انعقاد کردہ پریلمس میں 1:50 تناسب سے 31,403 امیدواروں کو مینس کے لیے منتخب کیا گیا جس میں 21,093 ( 67.17 ) فیصد امیدواروں نے شرکت کی ۔ اہم ثابت ہونے والے مینس امتحان کو بھی امیدواروں کی جانب سے اہمیت نہ دینے پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے عہدیداروں نے تعجب کا اظہار کیا ہے ۔ ماہرین تعلیم نے یہ بھی بتایا کہ فیس ادا کرتے ہوئے درخواست داخل کرنے کے باوجود امتحان میں شرکت نہ کرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے انعقاد کئے جانے والے امتحانات پر امیدوار کو مکمل بھروسہ نہیں آیا ہے ۔ امتحان دوبارہ منسوخ ہونے یا دوبارہ انعقاد کرنے کی تشہیر بھی اور ایک وجہ ہوسکتی ہے ۔ دوسری وجہ طلبہ سنجیدگی سے امتحانات کی تیاری نہیں کررہے ہیں ساتھ ہی امتحانی مراکز دور دراز علاقوں میں ہونے سے وہاں جانے سے بھی احتراز کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ درخواست گذار زیادہ امیدواروں کو ریسیڈنشیل اسکولس اور محکمہ پولیس میں ملازمتیں حاصل ہوئیں جس کی وجہ سے ایسے امیدوار نے امتحانات سے دوری اختیار کی ہے ۔ حال ہی میں منعقدہ گروپ III امتحان میں نصف امیدوار امتحان میں شریک نہیں ہوئے ۔ 1363 جائیدادوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کیلئے 5,36,400 درخواستیں داخل کی گئیں تاہم 2,69,483 لاکھ امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی ۔ گذشتہ سال منعقدہ گروپ 4 امتحانات کے لیے 9,51,321 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی جس میں 7.61 لاکھ امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ۔ ڈی ایس سی 2024 کے امتحان میں طلبہ نے اپنی دلچسپی دکھائی ۔ 2.79 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ۔ 2.45 لاکھ ( 87 فیصد ) امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی ۔ 2