سرینگر: جموں وکشمیر کے سری نگر کی سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 11 عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج کیلئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے ۔اطلاعات کے مطابق اتوار بعد دوپہر سنڈے مارکیٹ میں ریڈیو کشمیر کے نزدیک مشتبہ ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے سے عوام کے بیچ دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں11 افراد زخمی ہوئے ۔ذرائع نے بتایا کہ آس پاس موجود افراد نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں پر سبھی کی حالت مستحکم ہے ۔ گرینیڈ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سیول لائنز علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے ۔ پورے شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا جبکہ جگہ جگہ پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔حکام نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعد شہر بھر میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں سی سی ٹی وی کے ذریعے مشکوک افراد پر نظر رکھی جارہی ہیں۔دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر رینج وی کے بردی نے صدر ہسپتال جا کر گرینیڈ حملے میں زخمی شہریوں کی عیادت کی ۔آئی جی نے زخمیوں کو یقین دلایا کہ گرینیڈ حملے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔پولیس ترجمان کے مطابق سنڈے مارکیٹ میں دھماکے میں کم از کم گیارہ افراد زخمی ہوئے جنہیں صدرہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں پر سبھی کی حالت مستحکم ہے ۔