سرینگر کے خان یار علاقہ میں آتشزدگی، مسجد کو شدید نقصان

,

   

سرینگر: سرینگر کے خان یار علاقے میں منگل کی صبح آگ کی ایک واردات میں ایک مسجد اور اس کے متصل کئی دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ خان یار کے عقل میر علاقے میں منگل کی صبح ایک مسجد کی دوسری منزل میں آگ نمودار ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہی مقامی لوگ مسجد کی طرف دوڑے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن محدود وسائل دستیاب ہونے کے باعث وہ آگ کے شعلوں کو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کے شعلوں نے ایک مسجد، مدرسہ مصباح الرشید، ایک رہائشی مکان اور کئی دکانوں کو نقصان پہنچا دیا۔عینی شاہدین کا الزام تھا کہ اگر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کا عملہ وقت پر پہنچتا تو شاید آگ اس قدر نقصان دہ ثابت نہیں ہوتی۔دریں اثنا متعلقہ محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بشیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ علاقے کی گنجان آبادی اور لکڑی سے بنے مکانات آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا باعث بن گئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دس سے بارہ گاڑیاں عملے کے ساتھ جائے واردات پر بھیج دی تھیں۔موصوف نے کہا کہ آگ سے مسجد کی دوسری منزل اور ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دکانوں کو آگ بجھانے کے لئے استعمال کئے جانے والے پانی سے نقصان ہوا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے دوران ہمارے عملے کے دو ممبر زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت سجاد احمد اور رفیق احمد کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔