سری لنکائی مہاجرین کے پاسپورٹس تیار کرنے والی ٹولی بے نقاب

   


9 افراد گرفتار ، سی آئی ڈی تلنگانہ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سری لنکائی مہاجرین کے پاسپورٹس تیار کرنے والی ایک ٹولی کا سی آئی ڈی تلنگانہ نے پردہ فاش کردیا اور 9 افراد بشمول عبدالستار عثمان علی جوہری کو گرفتار کرلیا جو سری لنکائی مہاجرین کے پاسپورٹس تیارکررہے تھے ۔ نقلی دستاویزات کے ذریعہ پاسپورٹس تیار کئے جارہے تھے ۔ چینائی سے اس ٹولی کے تار جڑے ہوئے تھے ۔ سی آئی ڈی نے اس ٹولی کی کارستانیوں میں ان کا تعاون کرنے والے دو پولیس ملازمین کی بھی نشاندہی کرلی جو اسپیشل برانچ سے وابستہ ہیں سی آئی ڈی تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سی آئی ڈی نے اس سلسلہ میں ریاست کے مختلف مقامات کریم نگر ، جگتیال ، کورٹلہ ، نظام آباد اور حیدرآباد میں کئی مقامات پر دھاوا کیا ۔ حیدرآباد کے ساکن عبدالستار عثمان علی جوہری کے بشمول دیگر کو حراست میں لے لیا ۔ یہ ٹولی غیر ملکی شہریوں کے پاسپورٹس تیار کررہی تھی ۔ جوہری سال 2011 سے سرٹیفیکٹ تیاری کا کام کرتا ہے ۔ نقلی سرٹیفیکٹ تیار کرنے والے اس شخص کا رابطہ چینائی کے ایک پاسپورٹ تیار کرنے والے ایجنٹ سے ہوا ۔ سری لنکا کے مہاجرین سے رابطہ میں تھا اور ان سے اس کے بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ اس نے جوہری کو نقلی دستاویزات کے ذریعہ پاسپورٹس تیار کرنے کے لیے راضی کروالیا اور جوہری نقلی آدھار کارڈ ، ووٹر شناختی کارڈ ، پیدائشی سرٹیفیکٹ و دیگر ضروری دستاویزات تیار کرتا تھا ۔ اور حیدرآباد میں سلاٹ بک کروایا جاتا تھا اور اس کام میں اسپیشل برانچ سے وابستہ دو ملازمین بھی تعاون کرتے تھے ۔ سی آئی ڈی ٹیم نے چینائی کے ایجنٹ کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا ۔ اس ٹولی کی جانب سے 92 مہاجرین کو پاسپورٹ جاری کئے گئے ۔ سی آئی ڈی اس معاملہ میں مزید تحقیقات کررہی ہے ۔۔ ع