سری لنکا کا مشروط دورۂ پاک،لاہورمیںونڈے سیریز

   

لاہور۔16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ سری لنکا نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر مشروط آمادگی ظاہرکردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ سری لنکا نے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور میں صرف ونڈے سیریز کھیلی جائے تاہم کراچی میں کوئی میچ نہیں کھیلاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی سری لنکن بورڈ کی شرائط مانتے ہوئے لاہور میں صرف ونڈے سیریز کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان جلد کرے گا جبکہ آئی سی سی بھی سکیورٹی اجازت کیلئے اپناوفد پاکستان بھیجے گی جس کی رپورٹ کے بعد ونڈے سیریزکا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق باہمی مقابلوں کیلئے کرکٹ سری لنکا کے نئے پیغام سے پی سی بی حکام شش وپنج میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ سری لنکا کے دورہ پاکستا ن کے حوالے سے کرکٹ سری لنکا نے پی سی بی سے رابطہ کرکے اپنے دوٹوک موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سری لنکائی ٹیم صرف لاہور میں ونڈے سیریز کھیلنے آئے گی تاہم کراچی میں کوئی میچ نہیں کھیلاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام سری لنکا کے جواب پر مقابلوں سے متعلق شش و پنج میں مبتلا ہوگئے ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز 27 ستمبر سے دو اکتوبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز پانچ سے نواکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونی تھی تاہم پی سی بی سری لنکن بورڈ کی شرائط مانتے ہوئے لاہور میں ونڈے سیریز کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان جلد کرے گا۔ دوسری طرف آئی سی سی بھی میچ عہدیداروںکے تقرر سے قبل سکیورٹی اجازت کیلئے اپنا جائزہ وفد پاکستان بھیجے گی۔