سزایافتہ بی جے پی لیڈر وکرم سنگھ سینی کی اسمبلی رکنیت منسوخ

   

مظفرنگر: سال 2013 میں مظفر نگر میںہوئے فسادات کے سلسلہ میں قصوروار قرار دئے گئے بی جے پی لیڈر وکرم سنگھ سینی کی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔ خیال رہے کہ کوال کے رہائشی اور کھتولی سیٹ سے رکن اسمبلی وکرم سینی کو مظفر نگر ایم پی۔ایم ایل اے کورٹ نے 11 اکتوبر کو 2 سال قید کی سزا سنائی تھی۔وکرم سینی کو یہ سزا کوال میں لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف مشتعل کرنے اور سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے کے لیے سنائی گئی ۔ رکن اسمبلی کے ساتھ 12 دیگر لوگوں کو بھی سزا سنائی گئی ہے۔ 2 سال کی سزا کے علاوہ ان سبھی پر 10۔10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔مظفر نگر کی عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد جمعہ کے روز اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ رکنیت دو یا اس سے زیادہ کی سزا سنائے جانے پر خود بخود ہی ختم ہو جاتی ہے۔