سعودیہ : نیلام میں بازوں کی فروخت 60 لاکھ ریال سے متجاوز

   

ریاض : سعودی عرب میں فیلکن کلب کے زیر انتظام بازوں کی نیلامی کے دوسرے ایڈیشن میں فروخت کی رقم ساٹھ لاکھ ریال سے تجاوز کر چکی ہے۔دارالحکومت ریاض کے شمال میں ملہم میں سعودی فیلکن کلب میں منعقد یہ نیلام 15 نومبر تک جاری رہے گا۔ جمعرات کے روز اس ایونٹ کی 21 ویں رات مزید پانچ باز 2.5 لاکھ ریال میں فروخت ہوئے۔ اس طرح نیلام کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 62.14 لاکھ ریال کے باز فروخت کیے جا چکے ہیں۔مذکورہ نیلام میں شرکت کرنے والوں کے لیے خصوصی خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔ شرکاء اپنے شکار کیے ہوئے بازوں کو معائنے کے لیے خصوصی ٹیموں کے حوالے کر سکتے ہیں۔ اس دوران میں سعودی فیلکن کلب کی جانب سے بازوں کے مالکان کی رہائش کی ذمے داری قبول کی جاتی ہے۔نیلام میں باز کی فروخت کے بعد اس کا سرٹفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں باز کے پاؤں میں برقی بِیڑی نصب کی جاتی ہے۔