سعودی ترقیاتی فنڈ کا پاکستان کو 240 ملین ڈالر قرض، معاہدہ پر دستخط

   

ریاض : سعودی ترقیاتی فنڈ نے پاکستان کو مہمندڈیم منصوبے کیلئے 24 کروڑ ڈالر کے قرض کے لئے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ترقیاتی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمن المرشد اور وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور کاظم نیاز نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔مہمند ڈیم پراجیکٹ پانی اور غذائی سلامتی کو تقویت دینے کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔مہمند ڈیم پراجیکٹ کو سعودی ترقیاتی فنڈ، اوپیک، اسلامی ترقیاتی بینک اور کویت فنڈ برائے عرب معاشی تقری کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے اور توقع ہے کہ منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی اور پانی کے شعبوں پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔سعودی فنڈ کے سی ای او نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط ترقیاتی تعاون پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سعودی فنڈ کی جانب سے پاکستان میں اپنے قیام کے بعد سے ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے جاری تعاون کی ایک کڑی ہے۔ سعودی ادارے نے اب تک پاکستان میں تقریباً 41 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کو مالی اعانت فراہم کی ہے جس کی مالیت تقریباً 1.4 بلین ڈالر ہے۔مہمند ڈیم صوبہ خیبر پختونخوا میں زیر تعمیر ہائیڈرو الیکٹرک منصوبہ ہے جو کہ تکمیل کے بعد 740 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکے گا۔ اس کے علاوہ ڈیم کی مدد سے 15،100 ایکڑ رقبے پر زراعت میں مدد ملے گی۔