سعودی سفیر کی واپسی ،عراق کا خیر مقدم

,

   

بغداد ۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے نائب وزیراعظم علی علاوی نے سعودی عرب کے سفیر کی بغداد میں واپسی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جلد ہی سعودی عرب اور عراق کے درمیان کمرشل اتاشی بھی کام کرنا شروع کردیں گے۔ ذرائع کے مطابق عراقی نائب وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب کے سفیر کی بغداد واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی وزرا اورعراق کے نائب وزیراعظم علی علاوی کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور،تیل اور اقتصادی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق علاوی اور سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پٹرولیم کی قیمتوں کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تجارتی راہ داریوں کو کھولنے اور مشترکہ قومی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پرزور دیا گیا۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کا ملک عراقی کی وحدت ، خود مختاری اور سلامتی کا حامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب عراق میں غیرملکی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔