سعودی عرب اور جارجیا کا باہمی تعاون بڑھانے پراتفاق

,

   

ریاض : سعودی عرب اورجارجیا نے معیشت، سرمایہ کاری ، توانائی اور سلامتی سے متعلق متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے سے اتفاق کیا ہے۔جارجیا کے وزیراعظم ارکلی گریبا شویلی کے دورہ ریاض کے اختتام پرجاری کردہ ایک بیان کے مطابق انھوں نے میزبان سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے دونوں اطراف کے سینئر عہدیداروں کے وفود کی موجودگی میں باضابطہ بات چیت کی ہے۔اس موقع پرجارجیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک 2030 ورلڈ ایکسپوکی میزبانی کیلئے مملکت کی بولی کی حمایت کرتا ہے ، اورعالمی میلے کی میزبانی کرنے کی مملکت کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہارکرتا ہے۔ میڈیا کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہیکہ ولیعہدشہزادہ محمد بن سلمان مہمان وزیراعظم کے ان جذبات کو سراہا۔ طرفین نے معیشت اورسرمایہ کاری کے شعبوں سے متعلق امورپرتبادلہ خیال میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مضبوط بنانے اور باہمی اور مشترکہ سرمایہ کاری کی سطح کو بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔
انھوں نے مملکت کے ویژن 2030 کے ذریعہ پیش کردہ سرمایہ کاری کے مواقع اور قابل تجدید توانائی ، زراعت ، پیداوار اور سیاحت جیسے مختلف امیدافزاشعبوں میں جارجیا کی ترقیاتی ترجیحات سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔