سعودی عرب :مساجد کی 31 مئی اتوار سے کشادگی

,

   

تحدیدات میں کل سے صبح 6 تا سہ پہر 3 بجے اور 31 مئی سے شام 8 بجے تک نرمی
اندرون ملک پروازوں کی بحالی ۔ مکہ مکرمہ میںنرمی نہیں ہوگی۔ بین الاقوامی پروازیں ہنوز بند

ریاض26 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے صحت حکام کی سفارشات پر کرفیو اور حفاظتی اقدامات میں نرمی کا اعلان کیا ہے اور داخلی پروازیں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔ جمعرات 28 مئی سے ہفتہ 30 مئی تک تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک صبح چھ بجے سے رات 8 بجے تک کرفیو میں نرمی رہیگی جبکہ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔ کرفیو سے خارج اوقات میں خانگی گاڑی سے تمام شہروں و صوبوں میں سفر کی اجازت ہوگی ۔اتوار 31 مئی سے سعودی کی تمام مساجد جمعہ و فرض نمازیں جماعت کے ساتھ ادا کرنے سے کھول دی جائیں گی۔ مکہ مکرمہ کی مساجد اس سے مسثنی ہوں گی۔مساجد میں احتیاط کی پابندی لازمی ہوگی۔مسجد الحرام میں جمعہ ؤ باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی۔کرفیو سے خارج اوقات میں متعدد مزید اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کی بھی اجازت دے دی گئی۔

اس میں ٹھوک اور ریٹیل کا کاروبار کرنے والی دکانیں کھلیں گی ،تجارتی مراکز اور مالز بھی کھولے جائیں گے۔وزارت داخلہ نے تاکید کی ہے کہ ایسے تمام کام جن میں سماجی دوری کی شرط پوری نہ ہوتی ہو ان پر پابندی برقرار رہے گی۔ اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک نیا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔سعودی عرب کے تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔سرکاری اداروں اور خانگی کمپنیوں میں ڈیوٹی کی معطلی ختم کردی جائیں گی۔ ملازمین مقررہ ضوابط کے مطابق دفاتر میں ڈیوٹی دیں گے۔ حفاظتی و احتیاطی تدابیر کے ساتھ داخلی پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔ تمام علاقو ں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل کے ذریعے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے البتہ متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے پابند ہوں گے۔ریستوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ کھل جائیں گے۔ قہوہ خانوں کو بھی اجازت ہوگی۔عوامی مقامات پر 24 گھنٹے سماجی دوری جاری رہے گی۔ شادی کی تقریبات اور تعزیتی اجتماعات میں پچاس سے زیادہ افراد کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرفیو کے دوران محلے میں واک کی اجازت ہوگی۔عمرہ اور زیارت پر پابندی برقرار رہے گی۔ بین الاقو امی پروازیں تااطلاع ثانی معطل رہیں گی۔