سعودی عرب میں تارکین وطن کیلئے لیبر اصلاحات

   

ریاض: سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے تارکین وطن کے روزگار سے متعلق سلسلہ وار لیبر اصلاحات کا اعلان کیا ہے جن میں جاب تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہے۔ لیبر اصلاحات کی تازہ مہم کا مقصد ورکرس آجرین کے درمیان کنٹراکٹ سے متعلق تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ سلطنت کو پرکشش جاب مارکٹ بنانے کی کوشش بھی جاری ہے۔ نئی اصلاحات کا اطلاق بیرونی ورکرس پر ہوگا اور اب تارکین وطن اپنی نوکری تبدیل کرپائیں گے۔ نیز انہیں ایگزٹ اور ری انٹری ویزا کی اجرائی میں باقاعدگی بھی لائی جائے گی۔ وزارت نے کہا کہ اس اصلاحی مہم کو 14 مارچ 2021ء کو نافذ العمل کیا جائے گا جس کے ساتھ ہی سعودیہ میں نوکریوں اور کام کاج کے ماحول میں زیادہ موثر پن آنے کا امکان ہے۔ سعودی عرب نے اُجرت کے تحفظ کا سسٹم اور اس طرح کے بعض دیگر اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں۔ سعودی حکومت کی کوشش ہے کہ ملازمین اور آجرین میں تلخی پیدا نہ ہونے پائے جو سلطنت کی بدنامی کا باعث بنے۔