سعودی عرب میں فلپائنی کارکنوں کی بھرتی دوبارہ شروع

   

ریاض : سعودی عرب میں آج (پیر سے) گھریلو خادماؤں سمیت فلپائنی ملازمین کی بھرتیاں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔فلپائن سے گھریلو ملازمین کی بھرتی کیلئے فیس کی بالائی حد 17288 ریال مقرر کی گئی ہے۔انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے گھریلو ملازمین کی بھرتی کیلئے ثالثی کی خدمات مہیا کرنے والی تمام کمپنیوں اوردفاتر پر زور دیا ہیکہ وہ اعلان کردہ فیس کی حد پر سختی سے عمل کریں۔ وزارت کے ترجمان سعد الحماد نے کہا کہ ’’یہ بھرتی کی سرگرمی اور لیبر خدمات کی پیشکش کے سلسلہ میں لیبر قانون کے قواعد و ضوابط میں مقرر کردہ سزاؤں سے بچنے کیلئے ہے‘‘۔ ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کیلئے بھرتی کی فیس کی منظورشدہ زیادہ سے زیادہ حد کی وضاحت بھی کی ہے۔ان میں یوگنڈا کے شہریوں کیلئے 9500 ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔ تھائی لینڈ کیلئے 10000 کینیا کیلئے 10,870 ریال اور بنگلہ دیش کیلئے 13,000 ریال فیس مقرر ہے۔ سعودی عرب اور فلپائن نے 7 نومبر سے گھریلو ملازمین سمیت مملکت میں فلپائنی کارکنوں کو بھیجنے کے بارے میں 13 ستمبر کو تعاون کی ایک یادداشت (ایم او سی) پر دست خط کیے تھے۔
یوکرین پر حملے کے بعد پہلی بار روس و امریکہ میں
نیوکلیئر ہتھیاروں پر مذاکرات
کیف : یوکرین پر حملے کے بعد پہلی بار روس اور امریکہ نے اسٹرٹیجک نیوکلیئر ہتھیاروں کے بارے میں مذاکرات کا سلسلہ شروع کرنے پر مشاورت شروع کر دی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی اخبار کومرسینٹ کی رپورٹ اور مذاکرات سے واقف چار ذرائع کا حوالہ دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ اس وقت منقطع ہو گیا تھا جب ماسکو نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا تاہم نیوکلیئر ہتھیاروں میں کمی کے حوالے سے معاہدہ نافذالعمل ہے۔رپورٹ میں جس دستاویز کا حوالہ دیا گیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر مذاکرات مشرق وسطٰی کے کسی ملک میں ہو سکتے ہیں۔ماضی میں یہ مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں ہوتے رہے ہیں تاہم اس بار یہ مقام تبدیل کر دیا گیا ہے کیونکہ یوکرین پر حملے کے بعد سوئٹزرلینڈ نے بھی روس پر پابندیاں عائد کی تھیں، جس کے بعد ماسکو اس کو ایک غیرجانبدار فریق کے طور پر نہیں دیکھ رہا۔