سعودی عرب میں کورونا کی نئی لہر کا خدشہ نہیں : ڈاکٹر احمد

,

   

ریاض۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام)خلیجی ہیلتھ کونسل کے ماتحت صحت عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد العمار نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نہیں آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق العمار نے ٹوئٹر پر ویڈیو بیان میں ملک بھر میں پھیلے ہوئے ان خدشات کو دورکیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلی لہر سے زیادہ شدید ہوگی۔ صارفین نے اس حوالے سے 9ہزار سے زیادہ ٹویٹس کی تھیں اور وائرس کی لہر کی دوسری اطلاع ٹرینڈ بن گئی تھی۔ڈاکٹر احمد العمار نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے انتباہ کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر ان ملکوں میں زیادہ شدت سے آئے گی جہاں وائرس سے بچاؤ کے سارے انتظامات ختم کردیے گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت خبردار کیا ہے کہ اگر ویکسین دریافت نہ ہوئی تو آئندہ موسم سرما میں اس قسم کے ممالک وائرس کی دوسری لہر سے بری طرح متاثر ہوں گے۔ صحت عامہ کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کا معاملہ بالکل الگ ہے۔ سعودی عرب سمیت کسی بھی خلیجی ملک نے کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات یکدم ختم نہیں کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ملک نے وائرس کے خطرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر حفاظتی اقدامات میں آہستہ آہستہ نرمی کی ہے۔ لہٰذا عالمی ادارہ صحت کی تنبیہہ کا تعلق سعودی عرب سمیت کسی بھی خلیجی ملک سے نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وائرس کی ویکسین آجائے گی اور یہ بھی امید ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں وباکی دوسری لہر نہیں آئے گی۔