سعودی عرب میں 12 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو’فائزر‘ ویکسین لگانے کا آغاز

   

ریاض : سعودی وزارت صحت نے کرونا ویکسین کے حفاظتی ٹیکوں کی قومی مہم کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بڑی عمر کے افراد کو ویکسین لگوائے جانے کے بعد اب 12 سے 18 سال کی عمر کے افراد کو فائزر ویکسین لگوانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔بارہ سے 18 سال کی عمر کے افراد کے لیے ویکسین لگوانے کا عمل شروع کرنے سے قبل فوڈ اینڈ ڈرگ جنرل اتھارٹی نے ویکسین کے تمام سائنسی پہلوؤں کی جانچ پرکھ کی اور اس کے کسی مضر اثرات سے محفوظ ہونے اور صحت کے لیے موثر ہونے کے ثبوت ملنے کے بعد اسے لگوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں 70 فی صد بالغ افراد کو کرونا ویکسین لگوائے جانے کے بعد اب کم عمر افراد کو ویکسین لگوانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ دوسری طرف مملکت میں حال ہی میں 50 سال سے زیادہ عمر والوں کو ویکسین کی دوسری خوراک دینے کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزارت صحت نے تصدیق کی کہ کرونا ویکسین کے لیے قومی مہم اپنے منصوبے اور پروگرام کے مطابق چل رہی ہے۔مملکت کے مختلف علاقوں میں 587 سے زیادہ مراکز کے ذریعے اب تک کرونا ویکسین کی 17,255,254 خوراک شہریوں اور ملک میں مقیم افراد کو دی گئی ہے۔