سعودی عرب :نقل و حرکت کی پابندیوں میں اضافہ

,

   

ریاض29 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )سعودی عرب نے کووڈ -19 کے پھیلاو کو روکنے ملازمین کے کام کی جگہ پر آنے پر عائد عارضی پابندی کی مدت بڑھادی ہے اور ساتھ ہی بین الاقوامی اور گھریلو سفر پر عائد پابندی کی حدمیں بھی اضافہ کر دیا ہے ۔مقامی میڈیا نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حکومت اور خانگی شعبہ کے ملازمین کو ان کے کام کی جگہ پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے 16 مارچ کو سرکاری اور نجی شعبہ کے ملازمین کو کام پر آنے پر پابندی لگا دی تھی۔ اس سے قبل حکومت نے 15 مارچ کو بین الاقوامی اور گھریلو مسافروں کو تاحکم ثانی سفر سے منع کر دیا تھا اور سعودی عرب سے اور دوسرے ممالک سے سعودی عرب آنے والی پروازوں پر روک لگا دی تھی۔ ساتھ ہی یہاں پیر کو مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ ہے ۔سعودی عرب میں اب تک 1203 افراد کووڈ -19 سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ چار افراد کی موت ہوچکی ہے ۔