سعودی عرب نے درجنوں نائیجریائی عمرہ زائرین کو واپس بھیج دیا

   

جدہ: عمرہ کیلئے نائیجریا سے جدہ پہنچنے والے درجنوں عازمین کو سعودی حکام نے ہوائی اڈے سے لوٹا دیا۔ سعودی عرب نے اس اقدام کی وضاحت نہیں کی ہے تاہم رپورٹوں کے مطابق ان کے ویزے اس وقت منسوخ کردیے گئے جب ان کا طیارہ فضا میں تھا۔ابوجا سے شائع ہونے والے روزنامہ’ ٹرسٹ’ کے مطابق نائیجریا کے مختلف شہروں سے عمرہ ادا کرنے کیلئے سعودی عرب کے شہر مکہ جانے والے درجنوں عازمین اس وقت سخت حیرت زدہ رہ گئے جب جدہ ہوائی اڈے پر حکام نے انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی اور وطن واپس لوٹ جانے کیلئے کہا۔رپورٹوں کے مطابق نائیجریا کے شہر لاگوس اور کانو سے 264 عازمین اتوار کے روزعمرہ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ روانگی سے قبل انہیں باضابطہ ویزے جاری کیے گئے تھے اور طیارہ پر سوار ہونے سے پہلے تمام طرح کی چیکنگ بھی کی گئی تھی۔لیکن جس وقت ان کا طیارہ ابھی پرواز میں ہی تھا ان کے ویزے منسوخ کردیے گئے۔جب ان لوگوں کا طیارہ جدہ ہوائی اڈے پر اترا تو سعودی حکام نے انہیں شہر میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے مبینہ طورپر انکار کردیا اور نائجیریا کے ‘ایئر یپس’ ایئرلائن کو واپس لوٹ جانے کا حکم دیا۔