سعودی عرب کی چار جامعات کو آن لائن تدریس کا لائسنس

   

ریاض ۔سعودی عرب کی حکومت نے ملک کی چار بڑی جامعات کو آن لائن تدریس کی اجازت دینے کے بعد انہیں باقاعدہ طورپر آن لائن تدریس کے لائسنس جاری کئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں نیشنل سنٹر برائے ای لرننگ نے اعلان کیا ہے کہ شاہ عبد العزیز یونیورسٹی ، شاہ فیصل یونیورسٹی ، القصیم یونیورسٹی اور شہزادی نورا بنت عبد الرحمن یونیورسٹی نے مرکزکے کنٹرول اورمعیارکے مطابق ای لرننگ پروگرام فراہم کرنے کا لائسنس حاصل کیا ہے۔ حال ہی میں ان چاروں جامعات کو آن لائن تدریس کی اجازت دی گئی تھی اورانہوںنے آن لائن کلاسز شروع کردی ہیں۔شاہ عبد العزیز یونیورسٹی نے پروفیشنل سیلز ، مارکیٹنگ ، پبلک ایڈمنسٹریشن ، بینکنگ اور انشورنس میں ڈپلومہ کے لئے لائسنس حاصل کیا ہے۔ شاہ فیصل یونیورسٹی نے مارکیٹنگ اور سیلز ، بینکنگ ، انشورنس ، اور پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈپلوما کے لئے لائسنس حاصل کیا۔ القصیم یونیورسٹی نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، لاجسٹک اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ ، اکاؤنٹنگ ، اور سیلز ڈپلوما میں آن لائن تدریس کا لائسنس حاصل کیا ہے جب کہ شہزادی نورا یونیورسٹی کو مارکیٹنگ ڈپلوما کے لئے لائسنس جاری کیا گیا ہے۔ نیشنل سنٹر برائے ای لرننگ نے تمام سرکاری اور خانگی یونیورسٹیوں اور مملکت کے تعلیمی اور تربیتی اداروں میں ای ایجوکیشن اور ٹریننگ باڈیز اور پروگراموں کے لئے لائسنس خدمات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ متعدد سرکاری اور خانگی یونیورسٹیوں ، تعلیمی اور مختلف سرکاری و خانگی اداروں نے لائسنس حاصل کرنے کے لئے درخواستیں جمع کروائی ہیں اور انہیں ضروری لائسنس دینے سے متعلق طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔