سعودی عرب کے دور ایرپورٹس مشرق وسطی کے محفوظ مراکز میں شامل

   

دبئی ۔ مشرقی وسطی اور افریقی ممالک کے 10محفوظ ترین ایرپورٹس کی فہرست میں سعودی عرب کے دو ایرپورٹس کو شامل کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران محفوظ سفرکے متعلق سروے کرکے ہدایات دینے والے ادارے نے مشرق وسطی اور افریقی ممالک کے 10 محفوظ ترین ایرپورٹس میں ابو ظہبی اوردبئی ایرپورٹ کو پہلا اور دوسرا نمبر دیا ہے۔ محفوظ ترین ایرپورٹس کی فہرست میں ریاض کے کنگ خالد انٹر نیشنل ایرپورٹ نے 3.9 درجے حاصل کیا ہے جس پر اسے 6 واں نمبر ملا ہے جبکہ دمام کے کنگ فہد انٹر نیشنل ایرپورٹ کو 3.8 درجے دینے کے بعد دسواں نمبر دیا گیا ہے۔ سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں سعودی ایرپورٹس نے مسافروں کی سلامتی کے لیے سخت ترین حفاظتی تدابیر پر بہت پہلے سے عمل کر رکھا ہے۔ تمام مسافروں کو سفر کے دوران ماسک کا پابند بنایا جاتا ہے، عملے کے لئے دستانے لا زمی قرار دیئے گئے ہیں جبکہ ایرپورٹ کے تمام حصوں کی ہر وقت سینیٹائزنگ ہوتی رہتی ہے۔