سعودی میں کورونا سے 7 نئی اموات ، جملہ 65 جاں بحق

,

   

مدینہ منورہ میں اندرون 70 دن موبائیل ہاسپٹل کی تیاری کا منصوبہ
ریاض ۔ 14 اپریل (کے این واصف ) سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد 4934 ہوگئی۔ 7 نئی اموات کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 65 ہوگئی جبکہ اب تک 805 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ مدینہ منورہ میں کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے 70 دن میں ایک موبائیل ہاسپٹل تیار کیا جائے گا۔ مدینہ گورنریٹ نے اس کیلئے زین کا پلاٹ بھی مختص کردیا اور کام کا ٹھیکہ بھی دیدیا۔ 13 اپریل سے 70 دن میں یہ ہاسپٹل تیار ہوگا۔ سعودی وزارت صحت نے عوام کو گھروں پر رہنے کی سخت ہدایت دی ہے۔ سوائے ضروری کام کے کسی کو بھی باہر نکلنا نہیں چاہئے کیونکہ ملک کو ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ سعودی عرب نے اس وباء کے پھیلنے کے بعد سے 40 ہزار افراد کو کورنٹائن کیا گیا جہاں اب صرف 7 ہزار افراد ہیں ان میں حال ہی میں بیرونی ممالک سے واپس آئے افراد شامل ہیں۔ کوروناوائرس کی وباء میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے شاہ سلمان نے کرفیو میں تا حکم ثانی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ ریاض، تبوک، دمام، حفوف اور دیگر شہروں میں 24 گھنٹے کرفیو نافذ ہے۔ سعودی وزارت برائے اسلامی امور نے یہ اعلان کیا ہیکہ کوروناوائرس کے خاتمہ تک مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی رہے گی لہٰذا رمضان میں گھر پر ہی تراویح اور دیگر نمازوں کو ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔