نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں نے مملکت سعودی عربیہ کے 93ویں نیشنل ڈے کی مناسبت سے دہلی میں واقع سعودی سفارت خانہ کی جانب سے گزشتہ روز کو منعقد ہ سعودی نیشنل ڈے تقریبات میں مدعو مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کرتے ہوے ہندوستان میں مملکت سعودی عربیہ کے سفیر صالح عید الحسینی کو گلدستہ پیش کر کے مبارکباد پیش کی۔ کوثر جہاں نے اس کے ساتھ ہی الحسینی سے ملاقات کے دوران سعودی عربیہ میں آل سعود کے دور اقتدار میں سعودی عربیہ کی ترقی اور خوشحالی نیز سعودی عربیہ کے موجودہ حکمران شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سر براہی و حکمرانی میں مملکت کی ہمہ جہت فروغ و ارتقاء کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن نے اس موقعے پر سعودی حکومت کی جانب سے دنیا بھر کے حجاج کرام اور ہندوستانی حجاج کی خدمات کی سر انجام دہی پر بھی دہلی حج کمیٹی کی طرف سے تہنیت پیش کی اور حالیہ برسوں میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندرمودی کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں ہند۔سعودی تعلقات کی استواری اور استحکام اور آئندہ اس دوستی میں مزید اضافہ کیلئے نیک خواہشات پیش کیں اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے ہر طرح کی شرکت اور تعاون کی پیشکش کی۔