پوری دنیا میں شہرت۔ بصیرت افروز ولیعہد بھی یوکرین جنگ کے خاتمہ کے خواہاں : ٹرمپ
واشنگٹن ؍ ریاض: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانویل میکرون کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران واشنگٹن میں العربیہ نیوز کی بیورو ڈائریکٹر نادیہ البلبیسی کے سوال پر محمد بن سلمان کی شخصیت کو سراہا ہے۔ نادیہ نے سوال کیا کہ سعودی عرب مذاکرات کا مقام رہا ، کیا آپ روسی صدر ولادیمیر پوتن سے وہاں ملاقات کریں گے کیونکہ یوکرین کے معاملے میں کوئی معاہدہ نہ ہوسکا۔اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب میں ملاقات شان دار رہی۔ ٹرمپ کے مطابق انھوں نے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک شان دار نوجوان ہیں جو ایک روشن ویژن رکھتے ہیں اور پوری دنیا میں بہت محترم ہیں۔ٹرمپ کے مطابق سعودی ولیعہد اپنی مملکت کے فرماں روا کا ویژن حیران کر دینے والے طریقے سے نافذ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں ان دونوں کا دوست ہوں۔ امریکی صدر کے مطابق سعودی فرماں روا اور ولیعہد دونوں ہی یوکرین میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے اپنی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ٹرمپ کے مطابق وہ سمجھتے ہیں کہ اسی طرح روس بھی جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے۔امریکی صدر نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس میں فرانسیسی ہم منصب ایمانویل میکرون سے ملاقات کی۔مختصر بات چیت کے بعد دونوں سربراہان نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر ٹرمپ نے باور کرایا کہ فرانس، امریکہ کا مضبوط اتحادی رہے گا۔ امریکی صدر نے زور دے کر بتایا کہ یوکرین کی جنگ روکنے کیلئے فرانس ان کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ٹرمپ نے اعلان کیا کہ یوکرین کی جنگ چند ہفتوں میں ختم ہو سکتی ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ دنیا اب روس اور یوکرین کے بیچ معاہدے کو یقینی بنانے کے قریب آ چکی ہے۔