ممبئی : ٹریفک پولیس نے کل ایک چھپن سالہ شخص کو گرفتار کیا۔ اس نے مبینہ طور پر بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان اور این سی پی اجیت پوار کے رہنما ذیشان صدیقی کو دو کروڑ روپے ادا نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھرے پیغامات بھیجے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اعظم محمد مصطفیٰ نے منگل کو ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں کا وہی حشر ہوگا جو سابق وزیر مملکت بابا صدیقی یعنی ذیشان صدیقی کے والد کا ہوا ہے اور اس وارننگ کو مذاق کے طور پر نہ لیا جائے۔پیغام ملنے کے بعد ورلی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔افسر نے بتایا کہ چہارشنبہ کو انہوں نے باندرہ (مغربی) میں بلیو فیم اپارٹمنٹ کے رہائشی مصطفیٰ کو گرفتار کیا۔ یہ ایک پوش ایریا ہے۔ مصطفیٰ سے جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور سم کارڈ برآمد کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس نے اس موبائل نمبر کا کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اکٹھا کیا جس سے یہ پیغام بھیجا گیا تھا۔