سلمان خان کا صحت کے بارے میں قیاس آرائی پر مسکراہٹ کیساتھ تبصرہ

   

ممبئی، یکم ؍ اگست (ایجنسیز) فلمی دنیا کے اسٹار سلمان خان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اُن کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آنے لگیں، تاہم اداکار نے ان افواہوں پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ردعمل میں مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ سلمان خان نے ممبئی میں سلَم ری ہیابلٹیشن اتھارٹی (SRA) کے زیراہتمام ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ادارہ کے نئے ڈاٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سنٹر (آئی ٹی سَروَر روم) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے 50 سے زائد مستحق خاندانوں کو اُن کے مستقل گھروں کی چابیاں بھی حوالے کیں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر حکام سے بریفنگ لی۔ تقریب کی وائرل تصاویر اور ویڈیوز پر بعض نٹیزنس نے سلمان خان کی ظاہری شکل اور انداز میں تبدیلی محسوس کی اورصحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ تاہم تقریب کے دوران سلمان خان نہایت پْرسکون اور خوش مزاج دکھائی دیئے۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بالی ووڈ اسٹار نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’مجھ سے کچھ بھی پوچھ لیں، بس میری اگلی فلم کے بارے میں سوال نہ کریں‘‘۔ ان کے اس جملے پر تقریب میں موجود افراد بھی مسکرا ئے بغیر نہ رہ سکے۔