سماجی خدمات و ترقی میں صحافتی برادری کا بڑا حصہ

   

شادنگر رکن اسمبلی ویرلاپلی شنکر ، صحافی خواجہ پاشاہ ، ایل موہن ریڈی کی اسکول کی تعمیرکیلئے منعقدہ تقریب سے مخاطبت

شادنگر ۔ 30ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر رکنِ اسمبلی ویرلاپلی شنکر نے صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اپنی خبروں کے ذریعہ سماج کو آگے لے جانے میں ترقی کے پل کا کردار ادا کر رہے ہیں ، اور اب سماجی خدمات کے ذریعہ بھی ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ صحافتی میدان میں رہتے ہوئے اس طرح کی خدمت میں آگے آنا بہت بہترین عمل ہے ۔ مالی تعاون پر بھرپور ستائش کرتے ہیں صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ شادنگر شہر کی سنڈیکیٹ کالونی میں غریب بچوں کے اسکول کی تعمیر کے لیے منعقدہ بھومی پوجا تقریب میں میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج میں ہونے والی بے قاعدگیوں کو منظرِ عام پر لانے اور اپنی تحریر کے ذریعہ ترقی میں تعاون کرنے والے صحافیوں کا غریب بچوں کے لیے آگے آنا اور 3.50 لاکھ روپئے مالی عطیہ کرنا بہت خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کام تلنگانہ میں کہیں اور نظر نہیں آتا اور یہ صرف یہاں ہی ممکن ہوا ہے، جس پر وہ صحافیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی صحافیوں نے کالج کی تعمیر میں تعاون کیا تھا اور مستقبل میں بھی ان سے مزید سماجی خدمت کے پروگراموں کی توقع ہے۔ صحافی خواجہ پاشاہ (کے پی) نے کہا کہ عام طور پر ارکانِ اسمبلی کو ترقیاتی کام کروانے کے لیے حکومت کو تجاویز بھیجنی پڑتی ہیں اور وہاں سے فنڈز جاری ہونے کا انتظار کرنا پڑتا ہے، لیکن ہنگامی حالات میں ان سب باتوں کی پروا کیے بغیر اپنی جیب سے رقم خرچ کرکے کام کرنے والے رکنِ اسمبلی کو وہ اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھ رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اب تک سمجھتے تھے کہ شنکر صرف شری شیلَم میں ہی موجود ہیں، لیکن تعلیم کے فروغ کے معاملے میں شادنگر میں بھی خود شری شیلہ شنکر موجود ہیں۔ انہوں نے رکنِ اسمبلی ویرلاپلی شنکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم میں تو ہر کوئی آئس کریم کھاتا ہے، لیکن بارش کے موسم میں آئس کریم کھانا ہی خاص بات ہے؛ اسی طرح موسم اور حالات کی پروا کیے بغیر اپنے کام کو مستقل مزاجی سے انجام دینے والے رکنِ اسمبلی ویرلاپلی شنکر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کی تعلیم کے بارے میں سوچتے ہوئے اگر حکومت کو تجویز بھیجی جاتی تو اس میں وقت لگتا، لیکن رکنِ اسمبلی نے خود ذمہ داری لیتے ہوئے جلد از جلد اسکول کی عمارت مکمل کرنے کا عزم کیا، جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رکنِ اسمبلی کا ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے ۔ سینئر صحافی لٹّوپلی موہن ریڈی نے کہا کہ رکنِ اسمبلی ویرلاپلی شنکر کا آگے بڑھنے کا انداز قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے فوراً بعد سرکاری جونیئر کالج پر توجہ دیتے ہوئے نہ صرف کالج کو اپنے ذاتی فنڈز سے ترقی دی بلکہ فرخ نگر، مغل گدہ، نندی گاؤں سمیت دیگر اسکولوں کے لیے بھی فنڈز مختص کرکے کئی ترقیاتی کام انجام دینے کا اعزاز بھی اُنہی کو حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اب غریب بچوں کے لیے اسکول کی تعمیر کا بیڑا اُٹھا کر ایک اور قدم آگے بڑھانا اور اس میں صحافیوں کو بھی شریک کرنا خوش آئند ہے۔