سمیوکتکسان مورچہ کی گھر گھر مہم

   

لکھنو:کسانوں کی کمیٹی ’سمیوکت کسان مورچہ‘ نے مغربی اتر پردیش کے میرٹھ اور گریٹر نوئیڈا میں بی جے پی کے خلاف ڈور ٹو ڈور تشہیر شروع کر دی ہے۔ اتوار کو شروع ہوئی اس مہم میں مورچہ کے رکن گھر گھر جا کر لوگوں کو بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔دونوں شہروں میں ایس کے ایم کے ہزاروں کارکنان میدان میں اترے ہیں اور لوگوں کو بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کے لیے سمجھا رہے ہیں۔ کارکنان لوگوں کو پمفلٹ تقسیم کر رہے ہیں جس میں بی جے پی کو ووٹ نہ دینے کی وجہ بتائی گئی ہیں۔ دونوں ہی شہروں میں اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ میں 10 فروری کو ووٹنگ ہونی ہے۔ پہلے مرحلہ میں مغربی اتر پردیش کے 11 اضلاع کی 58 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ابھی کچھ دن پہلے ہی سنیوکت کسان مورچہ نے دہلی میں پریس کانفرنس کا اعلان کیا تھا کہ مورچہ اتر پردیش کے 9 شہروں میں پریس کانفرنس کرے گی اور لوگوں سے بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل کرے گی۔غور طلب ہے کہ انتخابی کمیشن نے حال ہی میں بڑے انتخابی اجلاس پر سے پابندی ہٹا لی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روز بجنور میں ایک ریلی کرنے والے تھے۔ لیکن بی جے پی کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے سبب اس ریلی کو رد کر دیا گیا ہے۔ حنان ملا نے کہا کہ ’’ہمارا ہدف کسان مخالف بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ ہم یہی پیغام پڑوسی ریاستوں میں بھی لے کر جائیں گے۔‘‘