نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ کو چہارشنبہ کو راجیہ سبھا میں چیئرمین کی کرسی کی طرف کاغذ پھاڑ کر پھینکنے اور کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام میں اس ہفتے کے باقی حصوں کیلئے معطل کر دیا گیا۔ ایوان کی کارروائی پہلے 15 منٹ اور پھر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔وقفہ صفر ملتوی ہونے کے بعد کارروائی شروع ہونے پر ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان کو بتایا کہ سنگھ نے کل چیئرمین کی طرف کے کاغذات پھاڑ کے پھینک دیے تھے ۔ اس کیساتھ ہی انہوں نے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کیلئے نعرے بازی کی طرف ہنگامہ کھڑا کردیا۔ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ سنگھ کا یہ طرز عمل ایوان کے منظور شدہ اصولوں کے مطابق نہیں ہے ۔ اس لیے ان کے خلاف رول 256 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔