سندھو نے سوئس اوپن جیتا، مینس میں پرانوئے ناکام

   

نئی دہلی : پی وی سندھو نے سیزن کا اپنا دوسرا ویمنس سنگلز ٹائٹل حاصل کرلیا جس کیلئے انھوں نے اتوار کو تھائی لینڈ کو بوسانن آنگبم رونگ پھن کو سوئس اوپن سوپر 300 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے خطابی مقابلے کے سیدھے سٹوں میں شکست دے دی۔ ڈبل اولمپک میڈلسٹ سندھو نے اس ٹورنمنٹ میں اپنا دوسرا متواتر فائنل کھیلتے ہوئے چوتھی سیڈ تھائی حریف کو سینٹ جیکب شیل میں منعقدہ مقابلے میں 21-16، 21-8 سے ہرانے کیلئے 49 منٹ لئے۔ یہ سندھو کی بوسانن کے مقابل 17 مقابلوں میں 16 ویں جیت ثابت ہوئی۔ وہ تھائی حریف کے مقابل صرف ایک مرتبہ 2019 ہانگ کانگ اوپن میں ہاری تھیں۔ دریں اثناء ہندوستان کو مینس سیکشن میں مایوسی ہوئی جب ایچ ایس پرانوئے سنگلز فائنل میں انڈونیشیا کے جوناتن کرسٹی کے خلاف اپنا میچ ہار گئے۔