سنٹرل اکسائز کے جی ایس ٹی عہدیداروں کو اغوا کرنے والے افراد گرفتار

   

دو انسپکٹرس کو بچالیا گیا ، ڈی سی پی ایل بی نگر زون سائی سری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سنٹرل اکسائز کے جی ایس ٹی عہدیداروں کا اغواء کرنے والے افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا جو اصل عہدیداروں کو فرضی عہدیدار تصور کرتے ہوئے انہیں مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور انہیں اغوا کرنے کے بعد ان سے رقم کا مبینہ طور پر مطالبہ کررہے تھے ۔ شہر میں سنسنی کا سبب بننے والے اس واقعہ پر فوری حرکت میں آتے ہوئے پولیس نے مبینہ اغوا کاروں کو گرفتار کرتے ہوئے سنٹرل اکسائز جی ایس ٹی کے دو انسپکٹرس کو اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کروالیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون سائی سری نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو سنٹرل جی ایس ٹی کے اعلیٰ عہدیداروں سے شکایت حاصل ہوئی تھی اور پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اغوا کے مقام سے اندرون 5 کیلو میٹر کے فاصلہ پر انہیں پکڑ لیا ۔ سنٹرل اکسائز جی ایس ٹی کے دو انسپکٹرس منی شرما اور آنند کو آزاد کروالیا گیا ہے ۔ یہ دو عہدیدار آج فرضی جی ایس ٹی کے معاملہ میں کارروائی کے لیے دلسکھ نگر علاقہ پہونچے اور کارروائی کا آغاز کیا ۔ اس دوران گرفتار افراد فیروز ، مجیب ، امتیاز اور مبشر نے انہیں مار پیٹ کا نشانہ بنایا ۔ ڈی سی پی نے فرضی عہدیداروں کے شبہ میں مار پیٹ اور اغوا کی باتوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ ان عہدیداروں نے کارروائی سے قبل اپنی شناخت ظاہر کی تھی اور شناختی کارڈز بھی ظاہر کئے لیکن ان افراد نے عہدیداروں کے شناختی کارڈز کو چھین لیا اور انہیں اغوا کرتے ہوئے گاڑی میں دوسرے مقام کو منتقل کررہے تھے کہ ایک عہدیدار نے اعلیٰ عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی اور پولیس کو شکایت حاصل ہونے کے فوری بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی ایل بی نگر نے بتایا کہ ان کے ایک ساتھی قیوم کو تلاش کرنے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔۔ ع