سنٹرل گردوارہ گولی گوڑہ کی صد سالہ تقاریب

   

19 اور 20 ستمبر کے پروگراموں میں ملک کے نامور سکھ مذہبی رہنماؤں کی شرکت
حیدرآباد۔17۔ستمبر (سیاست نیوز) تاریخی سنٹرل گردوارہ صاحب گولی گوڑہ میں اپنے قیام کے 100 سال کی تکمیل کے موقع پر 19 اور 20 ستمبر کو مختلف مذہبی پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ 1926 میں قائم کردہ سنٹرل گردوارہ گولی گوڑہ حیدرآباد کی سماجی اور روحانی تہذیبی ورثہ میں اپنی منفرد شناخت کے ساتھ برقرار ہے۔ سکھ طبقہ کیلئے یہ گردوارہ نہ صرف ایک روحانی عبادت کا مرکز ہے بلکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی گردوارہ نے اہم رول ادا کیا ہے۔ گردوارہ کی صد سالہ تقاریب کا گردوارہ کی پربندھک کمیٹی نے اہتمام کیا اور تلنگانہ کے واقع دیگر گردواروں کو ان پروگراموں میں شامل کیا گیا ہے۔ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار ترلوک سنگھ نے بتایا کہ 20 ستمبر کو صبح 11 تا شام 5 بجے نمائش میدان پر وشال دیوان کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس میں ملک کے نامور راگی جتھا اور مذہبی شخصیتیں شریک ہوں گی۔ بھائی جگجیت سنگھ (دہلی) ، بھائی بلپریت سنگھ (لدھیانہ) اور بھائی جگپریت سنگھ اور بھائی رویندر سنگھ کا شبد کیرتن ہوگا۔ صد سالہ تقاریب میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ سکھ مذہبی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے جن میں سنت بابا کلونت سنگھ ، جتھیدار تخت سچ کنڈ سری حضور صاحب ناندیڑ اور سنت بابا بلویندر سنگھ ، گردوارہ لنگرصاحب ناندیڑکے دیوان شامل ہیں۔ دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر ہرمیت سنگھ کالکا اور سریندر پال سنگھ سلوجا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ گردوارہ صاحب گولی گوڑہ میں 19 ستمبر کو صبح 8 تا 11.30 بجے وشیس کیرتن دربار منعقد ہوگا۔ ان تقاریب کے دوران گرو کا لنگر مفت رہے گا۔ 1/k/m/b