سنکرانتی کے موقع پر رقص کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے خاتون فوت

   

کریم نگر /17 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر ضلع میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں سنکرانتی کے موقع پر ساتھی خواتین کے ساتھ رقص کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے 40 سالہ راجامنی نامی خاتون کی موت ہوگئی ۔ یہ واقعہ ضلع کریم نگر کے شنکراپٹنم منڈل کے کولوالا گاؤں میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں کی یوتھ اسوسی ایشن کے زیر اہتمام رنگولی کے مقابلے منعقد کئے گئے ۔ بعد ازاں ان خواتین کی جانب سے رقص کا اہتمام کیا گیا ۔ اس دوران دل کا دورہ پڑنے سے یہ خاتون اچانک گڑپڑی ۔ اس کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اس کو مردہ قرار دیا ۔
پٹلم منڈل میں نو تعمیر گرام پنچایت کا افتتاح
پٹلم /17 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پٹلم منڈل کے موضع کھمبا پور میں بی آر ایس پارٹی کے اقتدار میں گرام پنچایت کی تعمیری کام کی منظوری عمل میں لائی گئی تھی ۔ آج نوتعمیر گرام پنچایت کا افتتاح حلقہ اسمبلی جکل کے نو منتخبہ رکن اسمبلی مسٹر ٹوٹا لکشمی کانتا راؤ کے ہاتھوں عمل میں لایا گیا ۔ ضلع کلکٹر مسٹر جتیش وی پاٹل نے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر مقامی سرپنچ کویتا پرمود ، زیڈ پی ٹی سی پٹلم ، جی سرینواس ریڈی ، کانگریس پارٹی سینئیر لیڈر رام ریڈی ، شیخ نظیر ، اقلیتی لیڈر محمد امروز ، اراکین میں شیخ عدنان ، محمد شیخ کے علاوہ گاؤں کے معززین حضرات اور دیگر موجود تھے ۔