کانگریس بی ایل ایز کا اجلاس، جگاریڈی کا خطاب، حافظ شیخ شفیع وائس چیرمین بلدیہ اور دیگر کی شرکت
سنگاریڈی30 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) ورکنگ صدر جگا ریڈی نے کہا کہ ہر اہل شہری کے ووٹ کا اندراج یقینی بنایا جانا چاہیے، چاہے وہ کسی بھی سیاسی جماعت کا حامی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا، “اگر ہمارا مخالف بھی ووٹ سے محروم ہو رہا ہو تو اس کا ووٹ بھی لازماً رجسٹر کرایا جانا چاہیے۔”سنگاریڈی میں ٹی جی آئی آئی سی کی چیئرپرسن نرملا جگا ریڈی کی زیرِ قیادت کانگریس کے بی ایل ایز کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ کسی بھی شہری کو حقِ رائے دہی سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹر کے اندراج سے محرومی کی صورت میں سرکاری فلاحی منصوبوں سے استفادہ کرنے میں بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے ہدایت دی ہے کہ ووٹوں یا سیاست کی خاطر نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایس آئی آر (SIR) عمل میں بھرپور تعاون کیا جائے۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پارٹی قائدین اور کارکن مسلسل اس مہم میں سرگرم ہیں اور اب تک ہونے والے پانچ جائزہ اجلاسوں میں تمام بی ایل ایز نے شرکت کی، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2 اگست کو ایک اور جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مختلف سازشیں کر سکتی ہے اور الیکشن کمیشن مودی حکومت کے زیرِ اثر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بونالو تہوار کے دوران بھی اس مہم میں غفلت نہ برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “یہ نہ سوچیں کہ کوئی ہمیں ووٹ دے گا یا نہیں، بلکہ ہر شہری کے ووٹ کے حق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اس اجلاس میں ٹی جی آئی آئی سی کی چیئرپرسن نرملا جگا ریڈی، حلقہ کنوینر جولاکنٹی آنجنیولو، ٹی پی سی سی کے جنرل سیکریٹری توپاجی اننت کشور، سنگاریڈی میونسپل چیئرپرسن کونا ونیتا سنتوش، حافظ شیخ شفیع وائس چیئرمین بلدیہ،ٹاؤن صدر کرن گوڑ، کونا سنتوش، مختلف منڈل اور بلاک صدور، عوامی نمائندوں اور دیگر اہم پارٹی قائدین نے شرکت کی۔