سنگاریڈی ۔ 9ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے زیرِ اہتمام تیسری قومی لوک عدالت کا انعقاد 12 ستمبر 2026 کو سنگاریڈی ضلع عدالت کے علاوہ ظہیرآباد، جوگی پیٹ، نارائن کھیڑ اور جناّرام کی عدالتوں کے احاطوں میں کیا جائے گا۔ یہ اطلاع سنگاریڈی ضلع کی پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی چیئرپرسن محترمہ جی بھوانی چندرا نے دی۔انہوں نے بتایا کہ قومی لوک عدالت کے ذریعے مختلف نوعیت کے دیوانی اور فوجداری مقدمات، چیک باؤنس، موٹر وہیکل حادثات کے معاوضہ کے مقدمات، خاندانی تنازعات، بینکنگ سے متعلق معاملات اور دیگر قابلِ مصالحت مقدمات کو دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے جلد حل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے تمام محکموں کے افسران سے اپیل کی کہ 12 ستمبر کو منعقد ہونے والی لوک عدالت میں زیادہ سے زیادہ مقدمات کے تصفیہ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔