سن گروپ کو ضمانت کیلئے سینک ویلفیر فنڈمیں ایک لاکھ عطیہ کی ہدایت

   

تلنگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ،
تحقیقات میں تعاون کرنے کی
شرط پر ضمانت کی منظوری

حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اپنی نوعیت کے پہلے فیصلہ میں سن (SUN) پریوار گروپ کو سینک ویلفیر فنڈ میں ایک لاکھ روپئے جمع کرنے کی ہدایت دی ہے جو پلوامہ میں 14 فروری کو دہشت گرد حملہ میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کے لواحقین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ عدالت نے سن پریوار گروپ کے آرگنائزرس کو جن پر 14ہزار سرمایہ کاروں کو 150 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے ضمانت کی منظوری کیلئے یہ شرط رکھی۔ گروپ اور اس کے فاؤنڈرس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمین نے مقامی عدالت سے ضمانت حاصل کی جس پر شرط مقرر کی گئی ہے کہ تمام ملزمین تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہوں اور تحقیقات میں مدد کریں۔ ملزمین تحقیقات میں تعاون کرنے میں ناکام رہے جس پر ان کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔ ملزمین ضمانت کی منسوخی کے خلاف جب ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تو جسٹس بی شیو شنکر راؤ نے ضمانت منظور کی تاہم شرط لگائی کہ انہیں پلوامہ شہیدوں کیلئے ایک لاکھ روپئے کا عطیہ دینا ہوگا۔ انہوں نے ملزمین کو تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو پیش ہوکر تعاون کرنے کی ہدایت دی۔