برلن ۔ 12 اکتوبر (ایجنسیز) جرمنی کی وزیرِ محنت اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کی شریک سربراہ بیربل باس نے پیر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنی سوتیلی بیٹی کی وفات اور اپنے خلاف بڑھتی ہوئی سیاسی تنقید کو اس فیصلے کی وجہ قرار دیا۔ باس نے ایک بیان میں کہا کہ میری سوتیلی بیٹی کی وفات کے بعد مجھے احساس ہوا کہ اپنے غم سے نمٹنے کیلئے مجھے وقت درکار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں عوامی سطح پر بڑھتی ہوئی تنقید اور حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ان کی اتحادی جماعتوں میں شامل قدامت پسند اتحاد کرسچن ڈیموکریٹک یونین؍کرسچن سوشل یونین (سی ڈی یو؍سی ایس یو) کے ارکان کی تنقید بھی شامل ہے۔ نائب چانسلر اور وزیرِ خزانہ لارس کلنگ بائل، جو ایس پی ڈی کے دوسرے شریک سربراہ ہیں، نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران، جب وہ سوگ منا رہی تھیں، ان پر کیے گئے حملے نامناسب تھے۔ یہ ناقابلِ قبول ہے۔ وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ کلنگ بائل نے ہندوستان کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے، جس کا آغاز پیر کی شام ہونا تھا۔