سورت :بی جے پی امیدوار بلامقابلہ منتخب، کانگریس نامزدگی مسترد

,

   

سورت: بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے مکمل ہونے سے پہلے ہی آج ایک سیٹ حاصل ہوگئی ہے کیونکہ گجرات کے حلقہ سورت سے اُن کا امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سورت کے بی جے پی امیدوار مکیش بھائی دلال کو پیر کے دن بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا جبکہ کانگریس پارٹی کے سوا دیگر تمام امیدوار مقابلہ سے دستبردار ہو گئے تھے۔سورت کے ضلع کلکٹر نے پرچہ نامزدگی واپس لینے کی تاریخ گزرنے کے فوراً بعد مکیش بھائی دلال کو ممبر آف پارلیمنٹ (ایم پی) منتخب ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی حوالے کردیا۔بتایا گیا ہے کہ مکیش دلال کا بلامقابلہ انتخاب کانگریس امیدوار نیلیش کمبھانی کا پرچہ نامزدگی مسترد ہونے اور انتخابی میدان میں موجود دیگر تمام امیدواروں کی جانب سے مقابلہ سے دستبرداری کے نتیجہ میں سامنے آیا ہے۔بی جے پی کے مکیش دلال اور کانگریس کے نیلیش کمبھانی کے علاوہ سورت لوک سبھا سیٹ سے مزید آٹھ امیدوار میدان میں تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کو انتخابی عہدیدار نے کانگریس امیدوار نیلیش کمبھانی کے کاغذات نامزدگی کو بطور گواہ دستخط کرنے والے لوگوں کے جعلی دستخط کی بنیاد پر مسترد کردیا۔کانگریس امیدوار کے پرچہ نامزدگی کی منسوخی کے حکم نامے میں کلکٹر نے لکھا کہ کمبھانی اور اس کے ڈمی امیدوار سریش پادشالا کے نامزدگی فارم میں گواہ کے طور پر جن لوگوں نے دستخط کیے، وہ اُن کے جعلی دستخط تھے۔لوک سبھا انتخابات 2024 کے لئے گجرات کی تمام 26 سیٹوں پر 7 مئی کو ایک ہی مرحلے میں پولنگ ہوگی۔اسی دوران کانگریس پارٹی نے مکیش دلال کے بلامقابلہ انتخاب پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے حکمراں پارٹی پر الزام لگایا کہ اس نے سورت کی سیٹ پر ’’میچ فکس‘‘ کرکے قبضہ کرلیا ہے حالانکہ وہ (بی جے پی) 1984 کے لوک سبھا انتخابات سے اس سیٹ پر مسلسل جیتتے آرہے ہیں۔