سوشیل میڈیا پر اپوزیشن سے مقابلہ کیلئے سنیل کونگلو ٹیم کو ذمہ داری

   

بی آر ایس کی مہم کا مقابلہ کرنے میں موجودہ ٹیم ناکام، مخالف حکومت مہم روکنے کی کوشش
حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے اپوزیشن کے حملوں سے نمٹنے اور حکومت کی کارکردگی کو بہتر انداز میں عوام تک پہنچانے کیلئے سوشیل میڈیا کی ذمہ داری انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کونگلو کی ٹیم کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی سوشیل میڈیا ٹیم اپوزیشن کے الزامات کا موثر انداز میں جواب دینے میں ناکام ثابت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ عرصہ میں بی آر ایس نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو کئی شعبہ جات میں گھیرنے کی کوشش کی۔ حکومت اور کانگریس کی سوشیل میڈیا ٹیم کی کارکردگی سے چیف منسٹر مطمئن نہیں ہیں لہذا سوشیل میڈیا کی ذمہ داری سنیل کونگلو ٹیم کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ چند ماہ میں بی آر ایس نے انتخابی وعدوں کے سلسلہ میں حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ حالیہ بجٹ سیشن میں ریاست کی معاشی صورتحال اور 6 ضمانتوں کی تکمیل پر بی آر ایس نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت کو نشانہ بنایا۔ سابق دور حکومت کے کئی ویڈیوز وائرل کئے گئے جس کا جواب دینے میں کانگریس کی سوشیل میڈیا ٹیم ناکام رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس نے نہ صرف پارٹی کی سطح پر بلکہ اپنے حامیوں کے ذریعہ بھی سوشیل میڈیا کے کئی اکاؤنٹس کے ذریعہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بی آر ایس ابتداء ہی سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ تشہیر میں دیگر پارٹیوں سے آگے ہے۔ حالیہ دنوں میں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کو عوام کیلئے غیر فائدہ مند ثابت کرنے کیلئے بی آر ایس کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر کئی ویڈیوز وائرل کئے گئے۔ خاتون مسافرین کی آپس میں لڑائی اور تفریح کے طور پر خواتین کے سفر کے علاوہ بس میں سفر کرتے ہوئے ادرک لہسن کی صفائی کا کام انجام دینے جیسے ویڈیوز وائرل کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹرریونت ریڈی نے ریاستی وزراء سے مشاورت کے بعد سوشیل میڈیا کا کام سنیل کونگلو کی ٹیم کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ عنقریب نئی ٹیم سوشیل میڈیا کی ذمہ داری سنبھالے گی۔1