سوناکشی سنہا کوفلم اُڑتا پنجاب نہ کرنے کا افسوس

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنے کیریئر میں ایک فلم کی پیشکش کو ٹھکرانے پر افسوس ہے۔ سوناکشی سنہا نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ فلم’اْڑتا پنجاب‘ میں جو کردار کرینہ کپور نے ادا کیا ہے، اس کی پیشکش پہلے مجھے کی گئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا تھا۔ اْنہوں نے اس فلم کا حصّہ نہ بننے کے باوجود بھی کہا کہ مجھے یہ فلم بہت پسند آئی اور میں نے ہدایت کار ابھیشیک چوبے اور ٹیم کے باقی ارکان کو فلم کی ریلیز کے بعد ان کے کام کی تعریف کرنے کے لیے فون کیا تھا ۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ سنسر بورڈکی جانب سے 2016ء میں جب یہ فلم تنازعہ کا نشانہ بنی تو بھی سوناکشی سنہا نے اس فلم کی حمایت میں اپنی آواز اْٹھائی۔اْنہوں نے فلم کی حمایت میں ٹوئٹ کیا کہ مجھے بالکل سمجھ نہیں آرہا کہ فلم اْڑتا پنجاب کا نام اگر بدلا جائے توکیا نام ہونا چاہئے لیکن سینسر بورڈ یقینی طور پر اس فلم کے لیے اْڑتا مذاق جیسے نام پر غورکرسکتا ہے۔ رپوٹ کے مطابق، سوناکشی سنہا نے بے شک فلم’اْڑتا پنجاب‘ کی پیشکش کو مسترد کرنے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن کچھ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ یہ کردار کرینہ کپور سے بہتر کوئی اور اداکارہ ادا نہیں کر سکتی تھی۔ واضح رہے کہ فلمساز انوراگ کشیپ کی فلم ’اْڑتا پنجاب‘‘میں کرینہ کپور ایک ڈاکٹر اور بحالی مرکز چلانے والی کارکن کا کردار ادا کیا ہے ۔