سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کانگریس پارٹی کی مختلف تقاریب

,

   

غریبوں میں ملبوسات کی تقسیم ، تلنگانہ تشکیل سونیا گاندھی کا کارنامہ : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد: صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی سونیا گاندھی کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق کیک کاٹنے یا پھر کسی اور تقریب سے گریز کرتے ہوئے غریبوں میں ضروری اشیاء اور ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی ضلع کانگریس کمیٹیوں نے سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ان کے اہم رول کو خراج تحسین پیش کیا ۔ گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے غریبوں میں ساڑیاں اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ اس موقع پر سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا کے علاوہ مدھو یاشکی گوڑ ، ڈاکٹر گیتا ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ پارٹی کی جانب سے تلنگانہ کی تشکیل کے سلسلہ میں سونیا گاندھی کی خدمات پر سمینار منعقد کیا گیا جس میں پروفیسر کودنڈا رام ، پروفیسر وشویشور راؤ اور دوسروں نے شرکت کی اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے سونیا گاندھی کی خصوصی دلچسپی کا اعتراف کیا۔ اپل میں سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب میں رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے شرکت کی اور غریبوں میں ملبوسات اور میوہ جات تقسیم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے سونیا گاندھی کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے عہدہ کے پیشکش کو قبول نہیں کیا اور عوام کی خدمت کو ترجیح دی۔ یو پی اے دور حکومت میں ملک نے ہر شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے سونیا گاندھی کی سالگرہ منائی گئی۔ کمیٹی کے صدر جی نرنجن نے پارٹی پرچم لہرایا اور غریبوں میں میوہ جات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جی کنہیا لال ، یوسف ہاشمی ، اوم پرکاش شرما ، موسیٰ قاسم ، پی راجیش ، جی دنیش ، ایم وجئے کمار ، اشوک ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔ گاندھی بھون میں سمینار سے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے لئے اپنی جان قربان کردی جبکہ سونیا گاندھی نے عہدہ کو قبول نہیں کیا۔ گاندھی خاندان کی ملک کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سونیا گاندھی کا کارنامہ ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا لیکن علحدہ ریاست میں عوام سے زیادہ کے سی آر خاندان کی ترقی کی ہوئی ہے۔