سوڈان :فوج اور مخالف ملیشیا کے حملوں میں176 افرادہلاک

   

خرطوم: سوڈان میں 2 روز کے دوران فوج اور اس کی مخالف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسزکی جانب سے حملوں میں 176 افراد ہلاک ہوگئے ۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے علاقے اومدرمان میں منگل کے روز نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے دستوں کی گولہ باری میں کم از کم 65 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ، یہ حملہ شمالی دارفور کے قصبے کبکابیہ کے ایک بازار پر فوج کے فضائی حملے کے ایک دن بعد ہوا ہے ، اس بازار پر حملے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔خرطوم کے گورنر احمد عثمان حمزہ کا کہنا ہے کہ مسافر بس پر ایک ہی شیل لگنے سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک اور 22 افراد کے جسم کے ٹکڑے ہوگئے ۔انہوں نے حملے کی وجہ نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کی دہشت گرد ملیشیا’ کو قرار دیا جو اپریل 2023 سے فوج کے ساتھ جنگ کر رہی ہے ۔تنازعات کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینے والے وکلا کے گروپ نے کہا ہے کہ فضائی حملہ قصبے کے ہفتہ وار بازار کے دن ہوا، جہاں آس پاس کے مختلف دیہات کے رہائشی خریداری کے لیے جمع تھے ، جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوںزخمی ہوئے ۔