سوڈان :گولہ باری میں 120 سے زائد افراد جاں بحق

   

خرطوم: سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے متصل جڑواں شہر میں پیر کے روز کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں 120 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یہ بات ریسکیو سے متعلق کارکنوں نے گولہ باری سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد کہی ہے ۔ رضاکاروں کے مطابق پیر کو وقفہ وقفہ سے شہر کے بعض حصوں میں دریائے نیل کے دوسرے کنارے کی طرف سے گولہ باری کی جاتی رہی۔ جو اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا باعث بن گئی۔ تاہم ان ریسکیو ورکرز نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ یہ گولہ باری کس کی طرف سے کی گئی اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق کس گروہ سے تھا۔ ریسکیو ورکرز کے مطابق ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ مقامی طور پر ان کیلئے فوری طبی سہولتوں کی فراہمی میں دقتیں پیش آئیں۔ جبکہ ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹرز سر توڑ کوشش کے ذریعے زخمیوں کی جان بچانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ رضاکاروں کے مطابق زخمی ہونے والے شہریوں کے زخموں کی نوعیت میں فرق ہے ۔ ان میں معمولی زخمیوں سے لے کر شدید زخمی تک موجود ہیں۔ یاد رہے سوڈانی فوج اور پیراملٹری فورس ‘آر ایس ایف’ کے درمیان جنگی سلسلہ جاری ہے ۔ یہ جنگ20 ماہ سے زیادہ عرصے سے لڑی جا رہی ہے ۔