سڑک حادثہ میں محکمہ دفاع کی ملازمہ ہلاک

,

   

حیدرآباد۔ سکندرآباد کے علاقہ بھوئی گوڑہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں ٹریفک کرین کی ٹکر سے مرکزی محکمہ دفاع کی ایک خاتون ملازم ہلاک ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وی لکشمی جو محکمہ کی ملازم تھی، آج صبح اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ نیویدیم ہوٹل بھوئی گوڑہ کے قریب سے گذر رہی تھی کہ وہاں پر موجود ایک ٹریفک کرین کی زد میں آگئی اور عقبی ٹائر کے نیچے آکر برسرموقع ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے بموجب مذکورہ خاتون ایک موٹر سائیکل پر سوار اپنے ساتھی کے ہمراہ جارہی تھی اور وہ پچھلی نشست پر بیٹھی تھی۔ حادثہ کے بعد لکشمی کے ساتھی نے وہاں سے راہ فرار اختیار کی۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک انیل کمار نے کہا کہ لکشمی کے ساتھی نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے گوپال پورم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ٹریفک کرین کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک ایل ایس چوہان اور دیگر ٹریفک عہدیدار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔