سکریٹریٹ انہدام کے میڈیا کوریج کیلئے عدالت میں درخواست

   

حکومت پر کارروائی کو خفیہ رکھنے کا الزام،تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج پھر سماعت

حیدرآباد۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کو منہدم کرنے کے عمل کے میڈیا کوریج کی خواہش کرتے ہوئے داخل کردہ عرضی کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی۔عرضی گذار نے اپنی عرضی میں کہا کہ حکومت اس سارے عمل کوراز میں رکھنا چاہتی ہے ۔سکریٹریٹ کے انہدام کے دوران کیا ہورہا ہے کسی کو پتہ نہیں ہے ۔عوام کو اس سے میڈیا کے ذریعہ واقف کروانے کی ضرورت ہے ۔اس پر بنچ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے اس سلسلہ میں سوال کیا اور پوچھا کہ میڈیا کوکوریج کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے ؟اس پر ایڈوکیٹ جنرل نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ انہدام کے دوران سکریٹریٹ کے احاطہ میں کافی احتیاط سے کام لیاجارہا ہے اور اس عمل کے دوران کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے کیونکہ اس سے کوئی بھی حادثہ ہونے کا خدشہ ہے ۔اس پر ہائی کورٹ نے پوچھا کہ آیا حکومت اپنے طورپر ویڈیوز اور تصاویر لے کر کیوں میڈیا کو فراہم نہیں کرسکتی۔اس کا جواب دیتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وہ حکومت سے اس سلسلہ میں مشاورت کریں گے اور اس کے فیصلہ سے عدالت کو واقف کروائیں گے جس کے بعد ہائی کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی۔