سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

تعمیری کاموں کا معائنہ، نقائص سے پاک کاموں کا مشورہ
حیدرآباد۔/17 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کامپلکس کے تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کاموں کو جلد مکمل کریں۔ چیف منسٹر نے وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کو ہدایت دی کہ سکریٹریٹ کامپلکس کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ میڑچل سے واپسی کے بعد چیف منسٹر سیدھے سکریٹریٹ کامپلکس پہنچے اور زیر تعمیر تمام بلاکس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں اور انجینئرس سے سوال کیا کہ تعمیری کام طئے شدہ ڈیزائن کے مطابق جاری ہیں یا نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر بلاک اور ہر ڈپارٹمنٹ کا دفتر ڈیزائن کے مطابق خوبصورت ہونا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ ایک ہی وقت میں کاموں کی تکمیل کے دوران ضروری احتیاط برتی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسی بھی صورت میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ سلاب کی تعمیر اور عمارتوں پر گنبدوں کی تنصیب اور انٹریئر کاموں کے علاوہ فرنیچر کے بارے میں بھی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے سوالات کئے۔ وزراء کے چیمبرس، میٹنگ ہالس، ویٹنگ رومس کی تعمیر کا چیف منسٹر نے جائزہ لیا۔ کامپلکس کے درمیانی حصہ میں 2 ایکر خالی اراضی کے علاوہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں گرینری اور دیگر خوبصورتی کے کام جاری ہیں۔ چیف منسٹر نے ریڈ اسٹون اور نئی ٹکنالوجی کے ذریعہ ڈیزائننگ کے کام کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کاموں میں کوئی نقائص نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اہم اجلاسوں کے موقع پر پارکنگ کا معقول انتظام ہونا چاہیئے۔ مختلف اضلاع سے سکریٹریٹ کو آنے والے عوامی نمائندوں ، عہدیداروں اور عوام کی سہولت کا خیال رکھا جائے۔ چیف منسٹر نے وزراء کے چیمبرس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء پرشانت ریڈی، ملا ریڈی، جی ونود کمار، رکن راجیہ سبھا دامودر راؤ، ارکان مقننہ ایس راجو، اے گاندھی، ویویکانند، بی سبھاش ریڈی، جیون ریڈی، سی ایم کی سکریٹری سمیتا سبھروال، آر اینڈ بی کے انجینئر انچیف گنپتی ریڈی، مشیر برائے تعمیرات ایس سدھاکر تیجا ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر