سکریٹریٹ کی عالیشان عمارت کی تعمیر میں کوتاہی نہ کی جائے

,

   

چیف منسٹر کے سی آر کا دورہ ، تعمیری کاموں کا جائزہ، ڈیزائین میں بعض تبدیلیوں کی سفارش

حیدرآباد۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سکریٹریٹ کے تعمیری کاموں کا آج شخصی طور پر جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام تر احتیاطی قدم اٹھائیں اور عالیشان اور عصری سہولتوں سے آراستہ عمارت کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر تمام محکمہ جات کو تفویض کردہ کاموں کی یکساں طور پر تکمیل کرتے ہوئے تعمیری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے مختلف بلاکس کا دورہ کرتے ہوئے معیار اور سہولتوں کے بارے میں انجنیئرس اور عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ کے سی آر نے وزراء اور عہدیداروں کے چیمبرس اور وزیٹرس کی سہولتوں کے بارے میں بعض تجاویز پیش کیں۔ چیف منسٹر نے پلرس ، کنکریٹ وال ، اسٹیر کیس ، دروازوں اور کھڑکیوں کے ڈیزائین کا معائنہ کیا ۔ چیف منسٹر نے عمارت کے ہر حصہ میں وینٹلیشن کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ چیمبرس ، کانفرنس ہال ، ملازمین کے دفاتر کے علاوہ پارکنگ کا جائزہ لیا ۔ راجستھان سے حاصل کردہ ریڈ اسٹون سے دیواروں کی تعمیر اور پتھر کی سربراہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے بعض پلرس کے ڈیزائین میں تبدیلی کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے عمارت کے اطراف کھلے حصہ کی برقراری کی ہدایت دی ۔ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی کو ڈیزائین ، کلرس اور انٹیریئر کاموں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار ، رکن اسمبلی جوگو رامنا ، حکومت کے مشیر راجیو شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، کمشنر حیدرآباد سی وی آنند اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے ۔ر