سکندرآباد میں غیر قانونی اسٹاک کردہ نارکوٹک ڈرگس اور ممنوعہ ادویات کی ضبطی

   

پروہبیشن اینڈ ایکسائیز اور ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن اور پروہبیشن اینڈ ایکسائیز حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نارکوٹک ڈرگس اور دیگر ممنوعہ ادویات کے ذخیرہ کو حیدرآباد میں ضبط کیا ہے۔ حکام نے دھاوے کے دوران ایک ہاسپٹل کے خلاف کارروائی کی ہے جہاں بڑی مقدار میں نارکوٹک ڈرگس اور اس کے انجیکشن پائے گئے۔ مصدقہ اطلاعات ملنے پر حکام نے سکندرآباد کے ریجمنٹل بازار میں واقع جی وی سلوجا ہاسپٹل پر دھاوا کیا۔ دھاوے کے دوران غیر قانونی طور پر اسٹاک کردہ ممنوعہ انجیکشنس اور نارکوٹک ڈرگس کا پتہ چلایا گیا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مہاراشٹرا ناگپور کی ساکن نیہا بھاگوت نے سلوجا ہاسپٹل کو یہ سپلائی کیا ہے۔ نیہا بھاگوت سابق میں اسی طرح کے دو مقدمات میں ملوث ہے۔ عہدیداروں نے ملکاجگری میں واقع نیہا بھاگوت کی قیامگاہ پر دھاوا کیا اور مارفن انجیکشنس، مارفن ٹیبلیٹس اور دیگر ممنوعہ ادویات اور انجیکشنوں کو ضبط کیا جو غیرقانونی طور پر سربراہ کرنے کیلئے اسٹاک کی گئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگپور سے ان ممنوعہ ادویات اور انجیکشنوں کو سربراہ کیا جارہا تھا اور ہاسپٹل کے علاوہ کئی میڈیکل شاپس بھی خریداروں میں شامل تھے۔ حکام نے نیہا بھاگوت کے علاوہ جی وی سلوجا ہاسپٹل کے ملازم پی گوپی ناتھ، آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن سریندر سنگھ اور فارماسسٹ بی سرینواس کو حراست میں لے لیا۔ ہاسپٹل کے مالک راجندر سنگھ سلوجا، ڈاکٹر امرتا سنگھ سلوجا، پوائنیر ڈرگ ہاوز کا مالک دنیش مفرور بتائے جاتے ہیں۔ اس کارروائی میں ڈرگس انسپکٹر سکندرآباد بی گووند سنگھ، ڈرگ انسپکٹر ملک پیٹ جی انیل اور ایکسائیز و پروہبیشن کے ایڈیشنل ایس پی بھاسکر، ڈی ایس پی ٹی سرینواس راؤ، انسپکٹر کے وینکٹیشورلو اور دوسروں نے حصہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل کملاسن ریڈی نے بتایا کہ نارکوٹک ڈرگس صحت کیلئے مضرت رساں ہیں اور حکام ایسی ممنوعہ ادویات کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔1